بھٹکل 7 جون (ایس او نیوز) بھٹکل سمییت ساحلی کرناٹکا میں آج جمعہ ٧ جون سے مانسون نے دستک دے دی ہے، جس کے ساتھ ہی مینگلور، اُڈپی، بھٹکل، ہوناور، کمٹہ اور انکولہ میں زوردار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، البتہ کاروارسے ملی اطلاع کے مطابق وہاں ہلکی بارش ہوئی ہے۔
مینگلور سمیت بعض علاقوں میں جمعرات شب سے ہی بارش شروع ہوگئی، بھٹکل میں رات بارہ بجے کے بعد بارش شروع ہوئی، صبح ہوتے ہوتے بارش نے زور پکڑلیا۔ جمعہ کی نماز کےموقع پر بارش اتنی تیز تھی کہ لوگوں کو نماز جانے کے لئے سخت دشواری پیش آئی۔ البتہ خوش آئین بات یہ رہی کہ زوردار بارش کے باوجود کہیں پر بھی پانی رُکتا ہوا نظر نہیں آیا۔ بھٹکل رنگین کٹہ، شمس الدین سرکل اور ماری کٹہ مین روڈ وغیرہ میں بارش کم ہوتے ہی راستوں پر سے پانی بھی غائب ہوگیا۔ اس تعلق سے بھٹکل کے عوام نے میونسپالٹی حکام سمیت تعلقہ انتظامیہ کی ستائش کی ہے اور مانسون سے قبل ہی انہوں نے نالوں کی صفائی پر زور دیا اور پانی کو ہائی وے پر راستوں پر رُکنے کا موقع نہیں دیا۔